i پاکستان

وفاقی اور صوبائی لا افسران کی اہلیت اور ماہانہ مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیںتازترین

July 14, 2026

وفاقی اور صوبائی لا افسران کی تعیناتی کے لیے لازمی اہلیت اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ دستاویزات کے مطابق وفاق میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عہدے کے لیے امیدوار کا سپریم کورٹ کا جج مقرر ہونے کی اہلیت رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے لیے سپریم کورٹ کا ایڈووکیٹ ہونا اور ہائیکورٹ میں کم از کم 10 سال وکالت کا تجربہ لازمی ہے، جبکہ سندھ میں اس عہدے کے لیے ہائیکورٹ میں کم از کم 7 سال کا تجربہ درکار ہے۔ دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے لیے ہائیکورٹ کا جج بننے کی اہلیت کے ساتھ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر کم از کم 3 سال کا تجربہ بھی ضروری ہے۔

لا افسران کی ماہانہ مراعات کے حوالے سے دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو 7 لاکھ 26 ہزار روپے، پنجاب میں 6 لاکھ 90 ہزار روپے، خیبر پختونخوا میں 5 لاکھ 76 ہزار روپے جبکہ بلوچستان میں 3 لاکھ 10 ہزار 400 روپے ماہانہ مراعات دی جاتی ہیں۔ وفاق میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات 3 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی ماہانہ مراعات 5 لاکھ 70 ہزار روپے، سندھ میں 4 لاکھ 94 ہزار روپے، خیبر پختونخوا میں 4 لاکھ 22 ہزار روپے اور بلوچستان میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے ہیں، اسی طرح وفاق میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات 2 لاکھ 4 ہزار روپے مقرر ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی