پنجاب اور سندھ میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میں خواتین سمیت 9افراد جاںبحق اور 8 زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق صوبہ پنجاب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے رجانہ میں تیز رفتار بس کی رکشہ کو ٹکر کے باعث تین خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سمندری روڈ پر فیصل آباد سے آنے والی تیز رفتار مسافر بس رکشہ سے ٹکرا گئی، حادثیمیں رکشے کو شدید نقصان پہنچا جبکہ حادثے کے بعد بس ڈرائیور فرار ہو گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا ہے، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دورسی جانب حیدرآباد موٹروے پر کوٹری کے قریب تیز رفتار مسافر وین آگے چلنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی اور خاتون سمیت تین افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں وین ڈرائیور 35 سالہ عمران علی، 45 سالہ زرمین قریشی اور 5 سالہ بچی آریشہ قریشی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا خاندان شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے ٹنڈوآدم سے کراچی جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی