i پاکستان

نصیرآباد ،گھر میں گیس کمپریسر پھٹنے سے 3 بچے اور ماں جاں بحقتازترین

September 03, 2026

نصیرآباد میں گیس کمپریسر پھٹنے سے ایک ہی گھر کے تین معصوم بچے اور ان کی والدہ جاںبحق ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق نصیرآباد کے علاقے ابڑو کالونی کے رہائشی شاہد علی ابڑو کے گھر میں اچانک اے سی کا کمپریسر پھٹا، تو ایک قیامت برپا ہوگئی، شاہد علی کا 2سالہ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ شاہد علی، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو فوری طور پر کراچی منتقل کیا گیا لیکن 3 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد شاہد علی کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی بھی جانبر نہ ہوسکے۔ایک ہی گھر سے ماں اور دو بچوں کی میتیں اٹھیں تو گھر کا ہر کونہ سوگ میں ڈوب گیا۔شاہد علی کے بھائی کا کہنا تھا کہ شاہد علی پولیس میں کلاس فور کا ملازم ہے، بہت محنت سے گھر چلاتا تھا، ہمیں کیا معلوم تھا کہ گیس کمپریسر ہی ہمارے گھر کی خوشیاں اجاڑ دے گا جب کہ شاہد علی خود شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی