i پاکستان

نواز شریف کا دورہ آزاد کشمیر منسوخ ، پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل جاتی امرا میں طلبتازترین

May 05, 2026

مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے 6 اور 7 مئی کو آزاد کشمیر کا شیڈول کیا گیا دورہ منسوخ کردیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل(جمعرات )7 مئی کو جاتی امرا میں طلب کرلیا ۔ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف جاتی امرا میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جہاں ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کیے جائیں گے۔ اس سے قبل نواز شریف نے آج 6 اور 7 مئی کو مظفرآباد کے دورے کا اعلان کیا تھا، جہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انہوں نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرنی تھی۔

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما فاتح محمود کیانی کے مطابق نواز شریف کا دورہ مظفرآباد موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کیا گیا ہے، جس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔نواز شریف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، اور دونوں خطوں کے پارلیمانی بورڈ کی سربراہی خود کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں عام انتخابات 7 جون کو ہونے جارہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات جولائی کے مہینے میں ہوں گے، جس کا باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی