i پاکستان

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور رافیل گروسی میں رابطہ ، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد پر اتفاقتازترین

September 15, 2026

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنمائوں نے کشیدگی کم کرنے کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کو بہترین راستہ قرار دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوار رافیل گروسی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، بات چیت کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ علاقائی کشیدگی کم کرنے اور صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد ہی بہترین لائحہ عمل ہے، رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کیلئے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے عالمی امن اور ترقی کے ایجنڈے کے حصول میں اقوام متحدہ کے نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے رافیل گروسی کی انتخابی مہم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی