نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوام کیلئے ایک اور بڑی سہولت فراہم کر دی ۔نادرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو اب اندراج کے لئے یونین کونسل جانے کی ضرورت نہیں، اب سندھ کے 28 اضلاع کے عوام پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کا اندراج گھر بیٹھے صرف موبائل فون کے ذریعہ اپنی متعلقہ یونین کونسل پر کرا سکیں گے۔شہری مطلوبہ دستاویزات مکمل کریں، پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرائیں اور گھر بیٹھے اپنا مطلوبہ سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔یہ سہولت سندھ کے 28 اضلاع میں فراہم کی گئی ہے۔ان میں کراچی کے اضلاع شرقی، وسطی، جنوبی، غربی، کورنگی، ملیر، کیماڑی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر، بدین، مٹیاری، کشمور، قمبر شہدادکوٹ شامل ہیں۔ان کے علاوہ عمرکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی، دادو، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار کے شہریوں کو بھی یہ سہولت فراہم ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی