i پاکستان

نادرا کی جعلی ویب سائٹس، شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاریتازترین

March 14, 2026

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادارے کی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ۔نادرا نے عوامی آگاہی کیلئے جعلی ویب سائٹ سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے ۔ ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی ہوئی ہے جو https//www.visa.nadragov.onlineہے۔ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ ادارے سے منسلک نہیں ہے اور ممکن ہے کہ ذاتی معلومات یا ادائیگیوں کے حصول کیلئے استعمال کی جا رہی ہو۔جاری پیغام میں کہا گیا کہ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں، ادارے کا واحد سرکاری ویزا پورٹل https//visa.nadra.gov.pkہے۔ نادرا نے کہا کہ ہمیشہ یقینی بنائیں کہ نادرا کی خدمات .gov.pk پر ختم ہونے والی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی استعمال کی جائیں۔

دوسری جانب، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے شہریوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق ایک ماہ میں 9 نادرا کی طرز کی ویب سائٹس بلاک کر دیں جو شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہی تھیں۔الرٹ میں بتایا گیا کہ نادرا طرز کی جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کیلئے کام کر رہی تھیں۔شہریوں کو تصدیق کیے بغیر ذاتی معلومات شیئر نہ کرنے اور مشکوک ای میل لنکس و ایس ایم ایس پر کلک نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ نادرا اور این سرٹ گمراہ کن سائبر سرگرمیوں کے خلاف سرگرم ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی