صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ نے مسلم لیگ (ن)کو خیر آباد کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔تفصیل کے مطابق صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ نے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور شیخ وقاص اکرم سے ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے عدلیہ تحریک میں متحرک کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے سہیل اقبال ہرڑ کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ سہیل اقبال ہرڑ کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور علاقے میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ سہیل اقبال ہرڑ اس وقت سیالکوٹ بار کے موجودہ صدر ہیں، ان کا ماضی میں مسلم لیگ ن سے تعلق بھی رہا ہے، انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ ہماری آزادی تحریک کا حصہ بننے جا رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عدلیہ کی آزادی، آئین کے تحفظ اور عمران خان کے ویژن کی تعبیر کے لئے ہمارے ساتھ چلیں گے۔ ۔ سہیل اقبال ہرڑ کا مسلم لیگ ن سے طویل عرصے کا تعلق تھا لیکن حالیہ سیاسی حالات کے پیش نظر انہوں نے تحریک انصاف کے منشور کو اپناتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی