i پاکستان

مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ چوہدری محمد یٰسینتازترین

June 16, 2026

سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کمیٹی روڈ ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام مزدور یونین کی قیادت کے اعزاز میں عظیم الشان استقبالیہ منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مزدوریونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین تھے، استقبالیہ میں مزدور یونین کے صدر اورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سرپرست اعلی حاجی صابر،چوہدری انور، وقار خان،عابد باجوہ،ملک عدنان،واجد گجر، اظہر خان تنولی، چوہدری زاہد، خالد محمود، محمد سرفراز ملک،اسد محمود، شاہد ستی،گوہر الہی،شاہد گجر سمیت سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سی بی اے کمیٹی روڈ ڈائریکٹوریٹ کے چیئرمین چوہدری محمدانور نے کہا کہ مزدور یونین نے ملازمین کی تاریخی خدمت کر نے کے حوالے سے اعلی مثال قائم کی ہے اورقیادت کی جدوجہد اور دن رات کی محنت سے آج الحمد اللہ سینکڑوں ملازمین کی عرصہ درازسے رکی ہوئی پروموشنز ہوئی ہیں جس سے یقینی طور پر ملازمین خوشحال ہوئے ہیں جس پر ہم اپنی پوری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان پر مکمل اعتمادکااظہار کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی مزدور یونین کی محنت اور جدو جہد سے ملازمین کو مزید مراعات ملیں گی۔

اس موقع پراستقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مزدور یونین کا مقصد رنگ، نسل اورمذہب سے بالاتر ہو کر ملازمین کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے ملازمین کی ترقیوں کے لیے لائن آف پروموشن بنائی جس کی وجہ سے آج مزدوروں کا مستقبل روشن ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ادارہ اس وقت بہت ساری مشکلات کا شکارہے اور مزدوروں کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہور ہاہے، ادارے کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کی آوٹ سورسنگ سی بی اے کی مشاورت کے بغیر کی جار ہی ہے جو کہ قانونی طور پر خلاف ورزی ہے، ادارے میں موجود خالی آسامیوں کو ختم کیا جا رہا ہے جس سے بیروزگاری میں اضافہ ہو گا اور ادارے کی کارکردگی متاثر ہوگی۔ یہ ملک کا دارلخلافہ ہے اور اس شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے سی ڈی اے ملازمین نے قربانیاں دی ہیں۔ سی ڈی اے مزدور یونین کبھی بھی مزدوروں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرئے گی اور ہر فورم پر ملازمین کے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔

اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے و بورڈ ممبران سے بھی مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے مزدوریونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مزدوروں کے مسائل کو باہمی مشاورت کے ساتھ حل کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں انتظامیہ کو چاہیے کہ ملازمین کے حوالے سے ہر فیصلے میں سی بی اے یونین کو اعتماد میں لیا جائے۔ ہم ادارے کی ترقی، ملازمین کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر انتظامیہ تعاون نہیں کرنا چاہتی اور عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کرئے گی تو ہم قانون اور آئین کے مطابق جمہوری طریقہ اختیار کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کریں گے۔ آخر میں انھوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ بہت جلد تمام مسائل جن میں ملازمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ، آؤٹ سورسنگ کا خاتمہ،لائن آف پروموشن، الاونسز میں اضافے سمیت تمام مطالبات کو فوری حل کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی