i پاکستان

مشرق وسطی کی فضائی حدود بندش، پاکستان سے مزید 102 پروازیں منسوختازترین

March 09, 2026

مشرق وسطی میں جاری صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس سے آج یو اے ای، بحرین، کویت، قطر اور دیگر مشرق وسطی کے ممالک کے لیے 102 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، دوحہ، شارجہ، کویت اور بحرین جانے والی 44 پروازیں منسوخ کی گئیں، اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت دیگر مقامات کے لیے 8 پروازیں منسوخ ہوئیں۔لاہور ایئرپورٹ پر دبئی، ابو ظہبی، قطر، کویت اور بحرین کی 18 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابو ظہبی کی 16 پروازیں منسوخ ہوئیں۔اسی طرح ملتان ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، بحرین، دوحہ اور کویت کی 10 پروازیں، سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی کی 4 پروازیں جبکہ فیصل آباد ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ اور جدہ کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں ایمریٹس، اتحاد ایئر، ایئر عربیہ، پی آئی اے، ایئر بلو، فلائی دبئی، قطر ایئر اور فلائی جناح سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطی کے ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کر چکی ہے۔ذرائع کے مطابق 28 فروری سے یو اے ای، قطر، بحرین، کویت اور ایران کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث ایئرلائنز کو پروازیں منسوخ کرنا پڑ رہی ہیں، تاہم ایمریٹس، فلائی دبئی، ایئر عربیہ اور اتحاد ایئر نے محدود پیمانے پر دوبارہ پروازیں شروع کر دی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی