پنجاب کی وزرا مریم اورنگزیب اور عظمی بخاریکیلئے 4 کروڑ مالیت کی دو بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک طرف سے جہاں پنجاب میں 10 ارب روپے سے زائد کے جہاز کی دھول ابھی بیٹھی بھی نہ تھی کہ صوبائی حکومت نے وزرا، بیورو کریٹس کے لیے ایک ارب 14 کروڑ روپے کی لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔رواں سال پنجاب کے وزرا اور بیورو کریٹس کے لیے 108 نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹرانسپورٹ ونگ نے سفارشات صوبائی حکومت کو پیش کر دی ۔اس میں پنجاب کابینہ کیلئے 30 کروڑ روپے مالیت سے 28 نئی گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری کے لیے چار کروڑ روپے مالیت کے دو بلٹ پروف ڈالے خریدنے کی تجویز بھی شامل ہے۔کابینہ کے لیے جو گاڑیاں خریدی جائیں گی، ان میں ایک لینڈ کروزر، دو ہیول ون پوائنٹ فائیو، پانچ گرینڈی الٹس، دس ٹویوٹا الٹس اور دس ٹویوٹا یارس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ وی آئی پیز کی سکیورٹی کیلئے کروڑ روپے مالیت کی 25 گاڑیاں خریدنے کی سفارشات پہلے ہی منظور ہو چکی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی