صوبہ پنجاب کے علاقوں مریدکے اور قصور میں ٹریفک کے الگ الگ واقعات میں 2 افرد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق مریدکے میں سڑک کراس کرنیوالا محنت کش نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والا شخص شادی ہال سے محنت مزدوری کے بعد اپنی رہائش گاہ پر جا رہا تھا، اطلاع پر پولیس کے اعلی حکام امدادی ٹیموں سمیت موقع پر پہنچ گئے، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت 61 سالہ امانت علی ولد اللہ دتہ ساکن وہاڑی کے نام سے ہوئی ہے، نامعلوم گاڑی کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ حادثہ تھانہ سٹی کی حدود میں ہوا، فرار ہونے والے گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی، حادثے کی تحقیقات بھی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب قصور کے علاقے سکندر پورہ کے قریب لکڑی سے بھرے ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر بچہ اور نوجوان کچلے گئے۔حادثہ میں سڑک کنارے کھڑا 21 سالہ علی حسنین جاں بحق جبکہ 8 سالہ محمد علی زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش کو ضروری کارروائی کے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ زخمی بچے کو بھی طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے جسے جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی