بجٹ میں ریلیف کے باوجود جڑواں شہروں میں مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ہول سیل ریٹ 12400 روپے من تک پہنچ گیا۔راولپنڈی ، اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں مرغی کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں پولٹری مصنوعات پر کسی بھی قسم کا اضافی ٹیکس عائد نہ کیے جانے کے باوجود مرغی کی قیمتیں تیزی سے بڑھنا شروع ہو گئیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی منڈی میں ہول سیل ریٹ 12,400 روپے فی من کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جبکہ بجٹ آنے سے قبل مرغی کا ریٹ 11,200 روپے فی من رہا ۔ رپورٹ کے مطابق پولٹری فارم مالکان پر مشتمل ایسوسی ایشن نے گزشتہ چند روز سے قیمتوں میں اضافے کیلئے لابنگ شروع کر رکھی تھی، جس کا اثر اب مارکیٹ پر واضح نظر آ رہا ہے۔منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باعث اوپن مارکیٹ میں بھی شہریوں کی جیبوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ کچھ روز قبل تک اوپن مارکیٹ میں 265 روپے فی کلو فروخت ہونے والی مرغی اب 340 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی