i پاکستان

مون سون کے بعد خستہ حال عمارتوں کا سروے کرایا جائے، وزیراعلی پنجاب کی ہدایتتازترین

August 07, 2026

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فورا بعد پنجاب کے ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ڈی پی)فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا۔وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت مختلف شہروں کے پی ڈی پی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی تیار کرنے، سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں پر امپیکٹ سٹڈی رپورٹ پیش کرنے اور پروگرام پر عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 29 شہروں میں زیرزمین سٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر کا کام جاری ہے۔وزیراعلی نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی، باغبانپورہ سانحے کے دوران کیپٹن علی اعجاز آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابل تعریف ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج نظام کی بدولت نکاسی آب کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، سسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی