کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ پاک فوج ہر نوعیت کے خطرات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پائوسنگ آئوٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔جنرل سید عامر رضا نے مزید کہا کہ ہماری سرحدوں کے پار حریفانہ عزائم رکھنے والوں کے لئے ہمارا موقف غیر متزلزل اور بالکل واضح ہے، کسی بھی قسم کی غلط فہمی کی صورت میں ایسا ردعمل دیا جائے گا جو تصور اور اندازوں سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔کمانڈر اسٹریٹجک کمانڈ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے ہونے والی جارحیت، اپنی علاقائی خودمختاری اور سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔ایمان، تقوی، جہاد فی سبیل اللہ کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں، پاکستان کی مسلح افواج اپنی مقدس سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہر قیمت پر کرنیکیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، تحمل، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کو ترجیح دی ہے۔ علاقائی استحکام کی بحالی میں ہمارا فیصلہ کن کردار، جس کی ایک نمایاں مثال اسلام آباد معاہدہ ہے، امن اور سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے ہمارے لازوال عزم کا مظہر ہے۔جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری المیے سے ہمارے دل شدید دکھی ہیں، جہاں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ افراد مسلسل مصائب جھیل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا اور شہری تنصیبات کی تباہی بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے جنگ کی نوعیت بدل دی ہے اور مسلح افواج نے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں میں تبدیلی کا عمل تیز کیا ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ اس میں مہارت حاصل کریں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت کے لئے مضبوط کردار، حوصلہ، پیشہ ورانہ مہارت اور اعتماد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ نئے افسران کو اپنے ماتحت اہلکاروں کا اعتماد جیتنے اور مشکل حالات میں درست فیصلے کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔جنرل سید عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان افسران ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے فارغ التحصیل کیڈٹس کو بھی مبارک باد دی۔
انہوں نے کیڈٹس کے والدین اور تربیت دینے والے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں حاصل ہونے والی تربیت اور نظم و ضبط کو عملی زندگی میں برقرار رکھنا نئے افسران کی ذمہ داری ہے۔ قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے پریڈ گرائونڈ میں منعقدہ تقریب میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 28ویں مربوط کیڈٹ کورس کے جوانوں نے شرکت کی، تقریب کے دوران کیڈٹس نے اللہ تعالی کو حاضر و ناظر جان کر خلوصِ نیت کے ساتھ پاکستان کے آئین کی حمایت اور مملکت سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر کیڈٹس نے حلف لیا کہ وہ آئینِ پاکستان، جو کہ عوام کی خواہشات کا حقیقی مظہر ہے، اس آئین کی پاسداری کریں گے اور خود کو ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں سے مکمل دور رکھیں گے، حلف برداری کے دوران پاس آئوٹ ہونے والے افسران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پاک فوج میں رہتے ہوئے ایمانداری، وفاداری اور شجاعت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔پاسنگ آئو ٹ پریڈ میں شریک کیڈٹس نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ زمینی، بحری یا فضائی جس بھی راستے سے دفاعِ وطن کا حکم ملے گا وہ لبیک کہیں گے اور اپنے اعلی افسران کے قانونی احکامات کی تعمیل میں اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر فرائض ادا کریں گے۔ کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے پریڈ کا معائنہ کیا اور شاندار کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی