محکمہ موسمیات نے کراچی میں جزوی ابر آلود اور مرطوب موسم کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان میں شدید گرمی برقرار ہے اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کے ساتھ چند علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا۔ شہر میں ہوا 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 34، زیارت میں 29 اور ژوب میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح سبی اور نوکنڈی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ تربت میں 38 اور چمن میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں حبس اور گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں بارش ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔پشاور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد رہا۔صوبے کے دیگر علاقوں میں چترال کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ، دیر میں 22، مالم جبہ میں 24، سیدو شریف میں 27، بنوں میں 34، ڈیرہ اسماعیل خان میں 33 اور ایبٹ آباد میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں گرمی اور حبس نے شہریوں کو بے حال کر دیا، جہاں محکمہ موسمیات نے شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے درجہ حرارت اور حبس میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی