محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائو ں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، زیریں بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، وزیرستان، لکی مروت، پارا چنار،کرک اور بنوں میں بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے سندھ کے ساحلی اور مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی لہر کے زیرِ اثر کراچی میں آج منگل کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شہر میں معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور بعض اوقات حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں تک پہنچ سکتی ہے جس کے اثرات سندھ سمیت مختلف علاقوں پر مرتب ہوں گے۔ اسی سسٹم کے تحت کراچی میں منگل کو بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران شہر میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مزید برآں کراچی میں آج بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دادو، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، لاڑکانہ، جیکب آباد اور خیرپور میں مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی موسم اور بارش کے امکان کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی ہے۔کوئٹہ، پشین، مسلم باغ، ڑوب، زیارت، بارکھان، سبی اور قلات میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ساحلی علاقوں کی صورتحال بھی سنگین ہے، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، خضدار اور گوادر میں بھی طوفانی ہوائوں اور بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ رہیں۔درجہ حرارت میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے: کوئٹہ میں کم از کم 3، زیارت میں 2، ژوب میں 5، سبی میں 13 اور تربت میں 15 ڈگری ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
گوادر اور جیوانی میں کم از کم درجہ حرارت 13 اور 15 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش اور کم درجہ حرارت کے اثرات فصلوں، گھروں اور ٹرانسپورٹ پر پڑ سکتے ہیں، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔اسی طرح موٹر وے ایم 11 لاہور تا سیالکوٹ بھی شدید دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔مزید برآں موٹر وے ایم 3 کو فیض پور سے جڑانوالہ تک دھند کے باعث بند رکھا گیا ہے۔ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ دھند ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے اپیل کی کہ دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دی جائے۔سید عمران احمد کے مطابق محفوظ اور بہترین سفری وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی و دیگر افراد کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔شہریوں کو چاہیے کہ موسم کی تازہ ترین اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور ضرورت نہ ہونے پر سفر مخر کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی