محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے، دیر، چترال، مالاکنڈ، کوہستان اور بونیر میں بارش اور تیز ہواں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالم جبہ، کالام، پارا چنار اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں سب سے زیادہ 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔لاہور میں بھی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا،ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب کراچی میں شدید گرمی کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان ہو کر رہ گئے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مستثنی قرار دئیے گئے علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون اور سعید آباد میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش نے شہریوں کو سخت گرمی میں بے حال کر دیا ۔لیاقت آباد، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ، پاک کالونی اور دیگر علاقوں کے مکین بھی بجلی کی بندش سے پریشان ہیں۔مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کے باعث پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی