ملک کے مختلف علاقوں میں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور میں لیسکو کے 200 فیڈر ٹرپ کرگئے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، مشتی میلہ کے مقام پر سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دکانیں اور مکانات پانی میں بہہ گئے۔تفصیل کے مطابق لاہور میں آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوگیا، لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، فیروز والہ اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواں کے ساتھ بادل برسے۔بہاولنگر اور گجرات سمیت پنجاب کے بعض دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔وزیرآباد شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد تک جا پہنچا۔
دوسری جانب ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، مشتی میلہ کے مقام پر سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دکانیں اور مکانات پانی میں بہہ گئے۔سیلابی ریلے کے راستے میں آنے والی متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بہہ گئیں۔ادھر پشاور، مالاکنڈ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آ ئندہ24گھنٹوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم میدانی علاقوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں ، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ بالائی اور جنوب مشرقی پنجاب سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیوانی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ موہنجو دڑو میں 44 اور لاڑکانہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی