ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، میں پارہ 49 ڈگری چھو گیا، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ12جوان تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، کئی شہروں میں گرمی کی شدت معمول سے زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ11 اور 12 جون کو اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کا بھی امکان ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔اس کے علاوہ دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری جبکہ تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔ سکھر، نواب شاہ اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک رہا جبکہ ملتان اور بہاولپور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری، پشاور میں 42 ڈگری جبکہ اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 37 ڈگری جبکہ گلگت میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری گرمی کی لہر کم از کم 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر سندھ کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید درجے کی گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیریں علاقوں میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران شہر میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور 12 جون تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک شدید گرمی برقرار رہے گی۔ تاہم اسلام آباد میں 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش متوقع ہے، راولپنڈی، لاہور اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسی خیل میں 11 اور 12 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی