ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں موسم گرم اور خشک جب کہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے مگر مزید بارش بھی متوقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، سبی میں درجہ حرارت 45 اور تربت میں 46 ڈگری پر پہنچ چکا ہے۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن میں مطلع صاف اور موسم گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور نواب شاہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سکرنڈ میں 45، دادو، لسبیلہ ، موہنجو داڑو 44، حیدر آباد، سکھر 42، ملتان، ساہیوال 38، کراچی 35،لاہور 34، اسلام آباد، پشاور 33،کوئٹہ، مظفر آباد 30 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا این ڈی ایم اے نے خبردارکیاہے کہ مون سون کے دوران گلگت بلتستان میں گلاف اورپوٹھوہارمیں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے اہلکار زہرا حسن نے ایک انٹروو میں ایل نینو اور سپر ایل نینو کے اثرات پر گفتگو میں کہا سمندروں کا درجہ حرارت اعشاریہ 8 ہو جائے اسے ایل نینو کہتے ہیں،درجہ حرارت 2ڈگری سے اوپر چلا جائے تو اس کو سپر ایل نینو کہا جاتا ہے،اس سال مون سون میں سپر ایل نینو کا اندیشہ ہے۔زہرا حسن نے بتایا کہ بالائی علاقوں اور بلوچستان میں مون سون کی بارشیں زیادہ برس سکتی ہیں،ایل نینو کی بنا پرخیبرپختونخوا،آزادکشمیرمیں فلیش فلڈنگ کاامکان ہے،گلگت بلتستان میں گلاف،پوٹھوہارمیں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،سمندر کے ساتھ زمین کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی