i پاکستان

ملک بھر میں شدید گرمی اور حبس برقرار، چند علاقوں میں بارش کی بھی پیشگوئیتازترین

June 29, 2026

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں یں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، میدانی علاقوں میں شدید حبس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے جبکہ بعض بالائی علاقوں اور پنجاب کے چند اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب (حبس زدہ) رہے گا، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا اور میدانی علاقوں میں حبس کی کیفیت برقرار رہے گی،لاہور میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، البتہ رات کے وقت سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 46 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔ پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدہ، مردان اور دیگر میدانی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مزید گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام کے اوقات میں چارسدہ، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سوات، دیر، کوہستان اور شانگلہ سمیت بالائی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم نسبتاً خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، خشک موسم اور حبس برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، جبکہ وسطی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40، قلات میں 35، زیارت میں 30، ژوب میں 39، سبی میں 47، تربت میں 40، نوکنڈی میں 48 اور چمن میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 33 اور 34 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصا بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیای تدابیر اختیار کرنے، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور شدید دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی