ملک بھر میں شب برات آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ مساجد اور گھروں پر نفلی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔شب برئت پر ملک بھر کے تمام شہروں کی مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں بابرکت محافل وذکر کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، شب بیداری ہوگی اور رات بھر عبادات اور نوافل ادا کیے جائیں گے۔ علما کرام، خطیب حضرات اور مقررین شب برات کی فضیلت بیان کریں گے۔ شب برات کے احترام میں روزہ بھی رکھا جائے گا۔ شب برات کے موقع پر مساجد، خانقاہوں اور درباروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔فرزندان اسلام شب برت کے اجتماعات میں اللہ تعالی کے حضور گناہوں سے توبہ، ملک اور قوم کی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی اور اپنے مرحومین کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔شب برات کے موقع پرلوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں میں بھی جائیں گے۔اس موقع پر قبرستانوں میں مقامی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ روشنی کے بھی انتظامات کیے جاتے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی