ملک بھر میں ڈینگی کے وار تیز ہوگئے ، یومیہسینکڑوں کیسز رپورٹ، مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 657ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ سینکڑوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ ڈی ایچ او کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی کے 96نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 657ہوگئی ہے۔ ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 53 کیسز جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈی ایچ او نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں رواں سیزن میں ڈینگی سے 5 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں بھی ڈینگی کیسز میں ہوشربا اضافہ سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 323کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 261کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی 96 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع جنوبی 73 ، ضلع وسطی 44 اور ضلع کورنگی 25 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 27 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ جابحق ہونے والوں میں 12 مرد اور 15 عورتیں شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کی بات کی جائے تو وہاں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید 242کیسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور سے 121, کوہاٹ 33،ہری پور سے 23اور چارسدہ سے 21کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 5ہزار 506ہوگئی جبکہ موجودہ وقت ڈینگی کے 130 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔ محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ صوبے میں مردان ،پشاور اور خیبر ڈینگی وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی