ملک بھر میں ارتھ آور آج 28 مارچ کو منایا جائے گا۔ارتھ آور 2026 کا عنوان زمین کے لئے ایک گھنٹہ دیں رکھا گیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک غیر ضروری لائٹس بند رکھنے کی ہدایت کر دی، عوام سے بجلی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کردی۔تمام سرکاری و نجی اداروں کو ارتھ آور میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی گئی، ارتھ آور کے ذریعے توانائی بچت اور ماحولیاتی شعور اجاگر کیا جائے گا۔ دوسری جاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب میں "ارتھ آور" منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔وزیراعلی کے مطابق 28 مارچ کو رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک صوبہ بھر میں روشنیاں بند رکھی جائیں گی تاکہ توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے مثر اور محتاط استعمال کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس مہم کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب پنجاب بھر میں ارتھ آور مہم کی نگرانی کریں گی۔وزیراعلی مریم نواز نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کی ماحولیاتی تحفظ کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے عوام، خصوصا نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ توانائی کے تحفظ کی اس عالمی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مثبت تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی