نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی طالبات کے لیے اسکالرشپ کا اعلان کر دیا۔سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں ملالہ نے کہا کہ جب انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کی تو ان کیلئے یہ نہایت اہم تھا کہ وہ ان لڑکیوں کیلئے کچھ کریں جو تعلیم کے حق کے لئے جدوجہد کر رہی ہیں اور اعلی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اسکالرشپ پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی، خاص طور پر ان خواتین کو جو اپنی تعلیم کے ذریعے پاکستان میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم رکھتی ہیں۔ملالہ کے مطابق، اگر کوئی پاکستانی خاتون آکسفورڈ میں ماسٹرز کرنے کا خواب دیکھتی ہے اور وطن واپس آ کر معاشرے کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتی ہے تو یہ موقع ان کے لیے ہے۔درخواستیں جمع کرانے کے لیے امیدوار آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ oxpakprogramme.org پر اپلائی کر سکتی ہیں۔ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ وہ نئی طالبات کو آکسفورڈ میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی