i پاکستان

مکئی کی پیداوار 2.86 ٹن فی ایکڑسے بھی تجاوز کرگئیتازترین

October 22, 2024

زرعی ریسرچ کے اداروں کے سائنسدانوں اور ماہرین زراعت کی مسلسل تحقیقی کاوشوں کے باعث ملک میں مکئی کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے اوربعض علاقوں میں پیداوار2.86ٹن فی ایکڑسے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہا کہ پولٹری انڈسٹری کے سالانہ نو فیصد شرح نمو کے ساتھ اپنا دائرہ بڑھانے کے باعث اسی شرح سے پولٹری فیڈکی ضروریات میں بھی اضافہ ہورہا ہے لہٰذا کاشتکاروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ زیادہ پیداواری امکانات کی حامل مکئی کی اقسام کاشت کرکے اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں۔مکئی کی مقامی دوغلی اقسام کی تیاری کے حوالے سے مقامی زرعی تحقیقاتی ادارہ اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ایچ 810، ایف ایچ 421،ایف ایچ 985، ایف ایچ 949،ایف ایچ 793اور ایف ایچ 1046زیادہ درجہ حرارت اور گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ ان اقسام کی چھلیاں 8سے10انچ لمبی ہوتی ہیں اور ان چھلیوں پر دانوں کی16سے18قطاریں موجود ہونے کی وجہ سے پیداواری صلاحیت 100سے110من فی ایکڑ ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے چھوٹے کاشتکار ادارہ کی تیار کردہ مقامی دوغلی اقسام کا بیج سستا ہونے کی وجہ سے کاشت کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے زرعی سائنسدان سنگل کراس کے ساتھ ڈبل کراس ہائی برڈ لائنوں پر بھی کام کررہے ہیں لہٰذا مستقبل میں مکئی کی ایسی نئی اقسام متعارف کرائی جائیں گی جوبدلتے ہوئے موسمی حالات اور پانی کی کمی جیسی صورت حال کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی