میر رضا کیس میں تفتیشی ٹیم نے سپر میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دینے کی تصدیق کردی۔میر رضا کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے دوران تفتیشی ٹیم کی جانب سے سپر میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دینے کی تصدیق کی گئی۔کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ 6 اگست کو سندھ حکومت بہت ایکٹو ہوگئی تھی، اتنی تیزی کبھی سڑکوں کی مرمت اور گٹروں کے لیے بھی دکھائیں، وہاں بھی لوگ مر رہے ہوتے ہیں۔ جسٹس عمر سیال نے شہریار میمن کو کہا کہ غیر قانونی طور پر میڈیکل بورڈ تبدیل کیا گیا، یہ سب آپ کے کیرئیر میں آپ کا پیچھا کرے گا۔ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو سے کمیشن نے پوچھا کہ موبائل فون نالے سے ملا تو شادی ہال کے قریب کا بیانیہ کیوں بنایا گیا؟ دنیا خودکشی کا بیانیہ چلارہی تھی، آپ نے تصحیح کیوں نہیں کی؟ اتنے اہم شواہد کے ساتھ کھیل رہے تھے ، کیا پولیس نے فون ان لاک کرنے کی کوشش میں بلاک کیا؟ اس پر سمیع اللہ سومرو نے جواب دیا کہ ان کی ٹیم نے کوشش نہیں کی، ممکن ہے سی ٹی ڈی نے کی ہو اور 6 دن تک کیس کی تحقیقات ان کے پاس رہیں۔جسٹس عمر سیال نے مزید کہا کہ یہی 6 دن ہیں جب کیس خراب ہوا، آپ سب کچھ ماتحت افسران پر ڈال رہے ہیں ، آپ ایس ایس پی ہیں، خیال کریں کیرئیر یہیں ختم نہ ہوجائے۔بعد ازاں کمیشن نے کارروائی پیر تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی