i پاکستان

مٹیاری،منشیات فروشوں کا سی آئی اے پولیس پر حملہ ،دواہلکارشدید زخمی، 25 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیاتازترین

July 06, 2026

مٹیاری کے گائوں ولی محمد نظامانی میں منشیات فروشوں نے کارروائی کیلئے آنے والی سی آئی اے پولیس کی ٹیم پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر نامی گرامی منشیات فروش خان محمد عرف خانو نظامانی کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود منشیات فروشوں اور ان کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور ان پر شدید تشدد کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے تشدد کے باعث سادہ لباس میں ملبوس دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مٹیاری کے مختلف تھانوں سے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مبینہ منشیات فروشوں اور حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے پورے گائوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جس کے دوران 25 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مرکزی ملزم خان محمد عرف خانو نظامانی تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لئے مختلف ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی