i پاکستان

محکمہ موسمیات کی آئندہ24گھنٹوں میںملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئیتازترین

August 05, 2026

محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مطلع جزوی ابر آلودہے اوربارش کا امکان موجود ہے،تاہم ہوا بند ہونے سے شہر میں حبس کی کیفت بڑھ گئی ہے۔ کراچی میں بھی مطلع جزوی ابر آلودہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت35 ڈگری تک جائے گا،شہرقائدمیں جنوب مغربی سمت سے ہوائوں کے ڈیرے ہیں۔ کراچی میں رات کے اوقات میں چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے، شہرمیں ہوا میں نمی کا تناسب 74فیصد ہے۔ شہرقائد کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے ،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار سو پرٹیکولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈکی گئی ہے۔دوسری جانب چلاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور پانی کے ریلوں سے زرعی زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے۔بابوسر روڈ سیلابی صورتحال کے باعث ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق خیبرپختونخوا میں 29 جولائی سے اب تک بارشوں کے باعث حادثات میں 6 افرادجاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، جب کہ 65 گھروں کونقصان پہنچا۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا بتانا ہے کہ مختلف واقعات ابیٹ آباد، پشاور، سوات، بونیر، خیبر، چترال اور دیگرعلاقوں میں پیش آئے۔ادھر فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب برقرار ہیں۔ تربیلا ڈیم 95 فیصد بھر گیااورموجودہ سطح 1545 فٹ تک پہنچ گئی جو پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش1550 فٹ سے صرف 5 فٹ کم ہے۔ گزشتہ سال پانچ اگست کوتربیلا ڈیم 94 فیصد بھر چکا تھا، پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث ڈیم انتظامیہ نے ڈیم سپل ویزکی پوزیشن تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سپل ویزسے دو لاکھ ساٹھ ہزار تا دو لاکھ نوے ہزار کیوسک پانی کا اخراج کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی