i پاکستان

محکمہ موسمیات کی آئندہ 2 سے 3 روز مزید بارش کی پیشگوئی ، اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہتازترین

August 04, 2026

محکمہ موسمیات نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ شیخوپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک لڑکا جاں بحق، جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے،اس طرح پنجاب میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 46ہوگئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آسمان پربادل چھائے ہوئے ہیں،مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے،شہر میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔دریں اثنا شیخوپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک لڑکا جاں بحق، جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق واقعہ ٹھوٹھیاں والا شاہکوٹ روڈ صفدرآباد شیخوپورہ پر پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم نے ایک شخص کو موقع پر فرسٹ ایڈ مہیا کی جبکہ دوسرے زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو صفدر آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کی شناخت 18 سالہ سفیان، 15 سالہ نعمان، جبکہ جاں بحق بچے کی شناخت 12 سالہ سیف کے نام سے ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کیمطابق پنجاب میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 46 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ادھر ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے،دریائے چناب، جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے،ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاو نارمل ہے

،دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پرپانی کابہائو 3 لاکھ 2 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاو 2 لاکھ 76 ہزار کیوسک ہے،وزیر آباد نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاو 2600 کیوسک ہے،نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب اور بہاو 1700 کیوسک ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریائو ں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہائو میں اضافے کا خدشہ ہے،لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔ ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق دریاوں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں،حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں ،فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی،شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں،دریاوں ،نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں،بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں دریاوں اورندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی