i پاکستان

مغربی ہواوں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل، ملک بھر میں بارش اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاریتازترین

April 06, 2026

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ 9 اپریل تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کی توقع ہے ،کراچی سمیت مختلف علاقوں میںبارش کا امکان ہے ۔مغربی ہواوں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ اس دوران اسلام آباد، پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی،ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے ) نے الرٹ بھی جاری کر دیا ۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔اسلام آباد اور پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں، بشمول کوئٹہ، میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی