i پاکستان

مغربی جوڑے نے قصور کے خاندان کو 130 سالہ غلامی سے نجات دلا دیتازترین

May 18, 2026

صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں ایک غیر ملکی جوڑے نے انسانیت کی اعلی مثال قائم کرتے ہوئے غریب خاندان کو نسل در نسل جاری قرضی غلامی سے نجات دلا دی جس پر سوشل میڈیا صارفین اس اقدام کو انسان دوستی اور ہمدردی کی اعلی مثال قرار دے رہے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان تقریبا 130 برس سے قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا، خاندان کے بزرگ نے کئی دہائیاں قبل ایک بھاری قرض لیا تھا جس کے بعد خاندان کی آنے والی نسلیں بھی قرض کی ادائیگی کے لیے بھٹہ پر بغیر اجرت کام کرنے پر مجبور رہیں۔ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد سخت اور غیر انسانی حالات میں اینٹیں بنانے کا کام کرتے رہے تاہم قرض کی رقم اور سود ختم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھتا رہا۔ حال ہی میں پاکستان آنے والے ایک مغربی جوڑے نے خاندان کی حالت زار دیکھ کر ان کا مکمل قرض ادا کر دیا جس کے بعد خاندان کو غلامانہ مشقت سے آزادی حاصل ہو گئی۔

اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب خاندان کی ایک خاتون نے خوشی اور تشکر کے جذبات سے مغلوب ہو کر غیر ملکی شخص کو گلے لگا لیا۔سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ انسانیت مذہب، نسل اور قومیت سے بالاتر ہے، کئی افراد نے اس امر پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ مقامی سطح پر کسی صاحبِ حیثیت شخص نے اس خاندان کی مدد نہیں کی۔صارفین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں موجود قرضی غلامی جیسے غیر قانونی اور غیر انسانی نظام کے خاتمے کے لئے مو ثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ کسی خاندان کو نسل در نسل اس ظلم کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی