i پاکستان

معرکہ حق ،ویانا میں تقریب کاا نعقاد،سفارتی و عسکری کامیابیوں پر خراجِ تحسین،شرکا کے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرےتازترین

May 18, 2026

آسٹریا کے دارلحکومت ویانا میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پ پروقار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ویانا میں پاکستانی سفیر کامران اختر ملک کی سربراہی میں منعقدہ تقریب میں سفارتخانے کے اعلی حکام، پاکستانی کمیونٹی، اوورسیز پاکستانیوں اور انٹرنیشنل کمیونٹی کے افراد اور بچوں و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب کا ماحول قومی جذبے، حب الوطنی اور پاک فوج سے والہانہ محبت سے سرشار رہا۔تقریب میں قومی ترانہ پیش کیے جانے کے دوران تمام شرکا احتراما کھڑے ہوگئے اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا جس سے ہال پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔اپنے خطاب میں سفیر پاکستان کامران اختر ملک نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے اتحاد، ایمان، قربانی اور بہترین سفارت کاری کی روشن علامت ہے، آج پاکستان کی سفارت کاری عالمی سطح پر انتہائی مضبوط اور موثر انداز میں ابھر کر سامنے آئی ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں نے قومی موقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی کامیابی کا سہرا پاک فوج، حکومتِ پاکستان، پاکستانی عوام، میڈیا، اوورسیز پاکستانیوں اور قومی اداروں کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت، پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔کامران اخترملک نے وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی سفارتی مشنز کی کامیاب سفارت کاری کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر نہایت موثر انداز میں اپنا مقدمہ پیش کیا اور دشمن کے منفی پروپیگنڈے کو شکست دی۔سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور انتہائی منظم افواج میں شامل ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا جاتا رہے گا۔تقریب کے دوران معرکہ حق کی کامیابی پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور تالیاں بجا کر پاک فوج اور پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔ دیگرمقررین نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور پاکستان کے دفاع میں تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔معروف شاعر غلام مصطفی نعیمی نے اپنی ولولہ انگیز نظم کے ذریعے پاک فوج اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا۔تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ، فلسطین، پاکستان، پاک فوج، ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور عالمی امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، آخر میں پاکستان زندہ باد سے ہال گونج اٹھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی