i پاکستان

لوئر چترال میں فلیش فلڈ، بروقت کارروائی سے 200 سے زائد مسافر وں کوریسکیو کر لیا گیاتازترین

July 08, 2026

لوئر چترال میں ریسکیو 1122 نے فلیش فلڈ کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔ریسکیو 1122 لوئر چترال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں فوری اور موثر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔اطلاع موصول ہوتے ہی شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر موجود ریسکیورز نے بطور فرسٹ ریسپانڈرز فوری کارروائی کا آغاز کیا، جبکہ بعد ازاں ضلعی ہیڈکوارٹر سے مزید امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات سمیت متاثرہ علاقوں میں مسلسل چھ گھنٹے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اس دوران ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور تمام مسافروں کی بحفاظت نقل و حرکت یقینی بنائی گئی۔آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 20 اہلکار، 3 ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے )اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور موثر تعاون برقرار رکھا گیا تاکہ شاہراہ کی بحالی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ریسکیو 1122 کے مطابق فلیش فلڈ کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی