لاہور کے علاقے شمالی چھائونی میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، جس کی کلوز سرکٹ فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔فوٹیج میں دو گاڑیوں کو ریس لگاتے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے دو موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 14 سالہ سبحان جاں بحق جبکہ دو لڑکے زخمی ہوئے ہیں اور پولیس نے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔مقدمے میں بتایا گیا کہ نامعلوم لڑکی نے تیز رفتار اور غفلت کے باعث موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، واقعہ تھانہ شمالی چھائونی کی حدود میں پیش آیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب ریس لگاتی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان سبحان کے اہل خانہ کا احتجاج جاری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کار سواروں کو گرفتار نہیں کیا گیا اور گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔حادثے میں سبحان کے ساتھ ان کے دوست ایان اور ابوبکر شدید زخمی ہوئے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن تاحال ملزمان نہیں پکڑے جاسکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی