لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کا راج برقرار ، محکمہ موسمیا ت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 12 جون تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیر کو دن کا آغاز ہوتے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی اور صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج مزید اضافہ متوقع ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے مختلف علاقے اور بلوچستان بھی گرمی کی لپیٹ میں ہے، سبی، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے میدانی و بالائی اضلاع میں بھی درجہ حرارت بڑھنے کی توقع ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی