لاہور میں شراب پی کر گاڑی چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق غالب مارکیٹ کے علاقے غوث اعظم چوک سے ملزمان اسامہ اور نعمان کو حراست میں لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹائون کو فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نشے کی حالت میں شارع عام پر کار کو خطرناک انداز میں زِگ زیگ چلا رہے تھے۔ وائرل ویڈیو میں انہیں ہلڑبازی کرتے اور سرعام شراب کی بوتلیں لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے شراب کی بوتل بھی برآمد کر لی گئی جبکہ ان کے زیر استعمال گاڑی کو بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا، ایس پی اسد علی نے کہا ہے کہ ہلڑبازی اور غفلت کے ساتھ گاڑی چلانا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے، شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی