i پاکستان

لاہور میں توانائی بچت اقدامات پر عملدرآمد نہ ہو سکاتازترین

April 21, 2026

لاہور میں پٹرول اور توانائی کی بچت کیلئے حکومتی اقدامات موثر انداز میں نافذ نہ ہو سکے جبکہ انتظامیہ دکانداروں کو قانون پر عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے مسلم ٹائون اور فیروزپور روڈ میں پان اور سگریٹ کی متعدد دکانیں مقررہ وقت کے بعد بھی کھلی رہیں۔ حکومت کی جانب سے تمام دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاہم کئی دکاندار اس کی خلاف ورزی کرتے دکھائی دیئے۔ اس کے علاوہ شادباغ،مصری شاہ،بادامی باغ میں بھی دکاندار من مانیاں کرتے رہے اور دکانیں کھلی رکھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دکاندار کھلے عام قانون کی خلاف ورزی کرتے رہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی موثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام کاروباری افراد کے لئے یکساں قانون نافذ کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض افراد کو نظر انداز کیا جاتا ہے جبکہ دیگر کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، جو کہ ناانصافی کے مترادف ہے۔ عوام کا مزید کہنا ہے کہ اگر قانون سب کیلئے برابر لاگو کیا جائے تو نہ صرف امتیازی سلوک ختم ہوگا بلکہ ہر شخص قانون کی پابندی کرتا نظر آئے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی