i پاکستان

لاہور، فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی طالبہ نے چھت سے کود کر خودکشی کرلی،کلاسز ایک ہفتے کیلئے معطلتازترین

February 18, 2026

لاہور میں ایک طالبہ نے اطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ہاسٹل کی چھت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ طالبہ کو سر میں شدید چوٹیں آئیں اور وہ اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکی۔ڈاکٹر کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شناخت 22 سالہ فریحہ کے نام سے ہوئی ہے جس کے فائنل ایئر کے پیپر ہو رہے تھے، طالبہ دماغ میں چوٹ لگنے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ طالبہ چھ ماہ سے کافی زیادہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھی، اس کا فائنل ایئر کا دوسرا پیپر 19 فروری کو ہونا ہے، ایک پیپر ہو چکا ہے اور دوسرے پیپر کی تیاری کر رہی تھی۔فریحہ کا تعلق کشمیر سے تھا اور وہ اس وقت اپنے والد کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس کے مطابق صبح 7 بج کر 55 منٹ پر ون فائیو پر کال موصول ہوئی کہ ایک لڑکی نے ہاسٹل کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔دوسری جانب واقعے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت پنجاب کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ذمہ داران کے تعین کے لیے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ادھر فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کی ایم بی بی ایس کلاسز ایک ہفتے کیلئے معطل کر دی گئیں، ایف جے ایم سی کی انڈر گریجویٹ کلاسز 18 سے 24 فروری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی منظوری سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ ایم بی بی ایس پروگرام کی تمام کلاسز بند رہیں گی، سوگ کے باعث کالج میں تدریسی شیڈول عارضی طور پر متاثر رہے گا۔متعلقہ شعبہ جات، رجسٹرار اور امتحانی کنٹرولر کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق طلبہ کو آئندہ شیڈول سے متعلق ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی، کلاسز کی بندش کا اطلاق فوری طور پر ہوگیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی