i پاکستان

لاجسٹکس حب اور جدید ٹرانسپورٹ نظام سے خطے میں روابط مضبوط ہوں گے،جام کمال خانتازترین

April 29, 2026

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے سہولت کاری کے عزم کا اظہار کیا اور مربوط تجارتی راہداری کے قیام کی اہمیت، اور لاجسٹکس نظام کی بہتری اور متبادل راستوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاجسٹکس حب اور جدید ٹرانسپورٹ نظام سے خطے میں روابط مضبوط ہوں گے۔وفاقی وزیر تجارت سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر کی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور تاجکستان کا تجارت اور ٹرانزٹ تعاون، اور دوطرفہ تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وزیر تجارت نے نجی شعبے کے روابط کے فروغ کے لیے بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز دی

چین کے ساتھ تعاون کو علاقائی روابط کے لیے اہم قرار دیا، جبکہ متعدد تجارتی راستوں کو فعال رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جبکہ انہوں نے برآمدی و درآمدی اداروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی تجویز دی۔ اس موقع پر تاجک سفیر نے پاکستان کے علاقائی روابط کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجکستان کی اضافی توانائی پاکستان کو برآمد کر سکتے ہیں، ایلومینیم کی تجارت اور صنعتی تعاون کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے پلیٹ فارم کو موثر بنایا جائے، جبکہ پاکستان اور تاجکستان کا قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی