وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سنٹر کے قیام کے لئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جہاں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل ایک چھت تلے ہوگا،سنٹر میں معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کا فوری اورموثر تصفیہ ممکن بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے تربیتی کورس مکمل کرکے واپس آنے والے اے ایس پیز کی ملاقات ہوئی ، اے ایس پیز نے غیر ملکی تربیتی کورسز کو پیشہ وارانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ایک بہترین تجربہ قرار دیا۔وزیر داخلہ نے غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ وارانہ تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انوسٹگیشن سنٹر کے قیام کے لئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔جدید پولیسنگ کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرکے پولیس نظام کو مزید ومثر بنایا جائے گا۔
جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جائے گا۔محسن نقوی کامزید کہنا تھا کہ جرائم کی روک تھام اور موثر نگرانی کیلئے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز شامل کیے جائیں گے،نیشنل پولیس اکیڈمی میں سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن رومز قائم کرینگے۔جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی،انٹیروگیشن کو بطور سپیشلائزڈ سبجیکٹ متعارف کرایا جائے گا،ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کی بنیاد پر انٹیروگیشن کی جدید تکنیکس تربیت کا حصہ بنائی جائیں گی۔پولیس کیلئے آپریشنل ضروریات سے ہم آہنگ یونیفارم متعارف کرائی جائے گی۔اس موقع پر اے ایس پیز نے چین اور ترکیہ کے جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، ٹیکنالوجی و جدید آلات کے استعما اور امن و امان کے انتظام سے متعلق مشاہدات سے آگاہ کیا۔کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی