امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، بھارت کے یکطرفہ اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازع آئینی و قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔تفصیل کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں واقع سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، بین الاقوامی قانون اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ویبینار کا آغاز صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات سے ہوا جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور پاکستان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی وابستگی کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی
جبکہ مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی جبر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔ پاکستان کے سابق مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر منیر اکرم، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، ڈاکٹر فرحان مجاہد، ڈاکٹر قمر چیمہ اور علی عنار سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی کوششوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر فعال اور موثر کردار ادا کرے۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی