i پاکستان

کراچی،شہریوں کے تشدد سیچار ڈاکو ہلاکتازترین

March 28, 2026

کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہریوں کی بھرپور مزاحمت اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 3 زخمی ملزمان سمیت 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق جوہرموڑ کے قریب ڈاکوئوں نے ریڑھی سے پھل خریدتے ہوئے ایک شہری سے لوٹ مار کی۔ اس دوران ایک کار سوار شہری نے لٹیروں کا پیچھا کیا اور انہیں اپنی گاڑی سے ٹکر ماری۔ڈاکوئوں نے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی، جس پر شہری نے بھی جوابی فائرنگ کی، نتیجے میں 2 ڈاکو موقع پر ہی مارے گئے۔ ان کا تیسرا ساتھی رکشے میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اورنگی ٹائو ن نمبر 1 میں دورانِ ڈکیتی فائرنگ کر کے شہریوں کو زخمی کرنے والے ڈاکو خود بھی شہریوں کے غضب کا نشانہ بن گئے۔ فائرنگ سے مشتعل ہو کر عوام نے 2 ڈاکوئوں کو پکڑ لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث دونوں ہلاک ہو گئے۔پولیس نے دونوں واقعات کے بعد لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ شہریوں کے اس ردعمل نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر عوامی غم و غصے کو واضح کر دیا ہے۔

دوسری جانب تھانہ پاپوش نگر کی حدود پاپوش نگر قبرستان میں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا، جس دوران دوطرفہ ایک ملزم مدثر ولد محمد نعیم الدین زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی عرفان ولد انور علی بھی فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی جو تھانہ پاپوش نگر سے چوری شدہ بتائی جاتی ہے۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے لیاری ایکسپریس وے فٹبال گرائونڈ سی ون ایریا کے قریب اسٹریٹ کریمنلز کے ساتھ مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان سہیل ولد رشید اور محمد عباس ولد محمد ریاض زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان سینٹرل پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی