i پاکستان

کراچی،پولیس مددگار 15 ملاپ یونٹ نے 2 کمسن بچیوں کو بازیاب کر کے اہل خانہ کے حوالے کر د یاتازترین

July 21, 2026

کراچی میں پولیس مددگار 15 ملاپ یونٹ نے اورنگی ٹائون سے لاپتا ہونے والی دو کمسن بچیوں کو بازیاب کروا کر ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔ترجمان مددگار 15 کے مطابق 16 جولائی 2026 کو اورنگی ٹان سے 2 کمسن بچیاں، شہناز اور صدف، گھر سے سامان لینے نکلیں لیکن واپس نہ آئیں، جس کے بعد اہلِ خانہ نے ان کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی مددگار 15 کے ملاپ یونٹ نے دونوں بچیوں کے گمشدگی اشتہارات جاری کیے اور مختلف پولیس یونٹس کو آگاہ کر دیا۔18 جولائی کو مختلف تھانوں سے موصول ہونے والی تصاویر کی مدد سے دونوں بچیوں کی شناخت ممکن ہوئی۔ شہناز کی شناخت کلاکوٹ پولیس جب کہ صدف کی شناخت عزیز آباد پولیس کے تعاون سے ہوئی، جس کے بعد ملاپ یونٹ نے فوری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں بچیوں کو بہ حفاظت ان کے ورثا کے حوالے کر دیا۔ترجمان کے مطابق مددگار 15 ملاپ یونٹ کی بروقت کارروائی کے باعث دو خاندانوں میں خوشیاں واپس لوٹ آئیں۔ بچیوں کی والدہ نے بتایا کہ دونوں بچیاں صبح تقریبا 9 بجے گھر سے چیز لینے نکلی تھیں اور اچانک لاپتا ہو گئیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک بچی ان کی اپنی بیٹی جب کہ دوسری ان کے بھائی کی بیٹی ہے۔والدہ نے مددگار 15، کلاکوٹ اور عزیز آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کوششوں سے دونوں بچیاں محفوظ واپس مل گئیں۔ دوسری جانب ایک شہری نے بتایا کہ وہ مغرب کی نماز ادا کرنے جا رہے تھے کہ انھوں نے ایک بچی کو بھیک مانگنے والی خواتین کے ساتھ دیکھا۔شہری نے بتایا کہ شک ہونے پر انھوں نے بچی کو ان کے قبضے سے لے کر اپنے گھر منتقل کیا۔ شہری کا کہنا تھا کہ ان کے اپنے بھی پانچ بچے ہیں، اسی لئے انھوں نے بچی کی حفاظت کو ترجیح دی، جس کے بعد پولیس سے رابطہ کیا گیا اور بچی کو بحفاظت اس کے اہلِ خانہ تک پہنچا دیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی