i پاکستان

کراچی،کوئٹہ سے چرس سمگلنگ کی کوشش ناکام، کسٹمز کی کارروائی میں 40 کروڑ سے زائد مالیت کی چرس برآمد،ملزمان فرارتازترین

September 09, 2026

کراچی میں کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے چرس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور 40 کروڑ سے زائد مالیت کی چرس برآمد کرلی ۔کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ فرید خان کے مطابق برآمد کی گئی چرس کی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ سے آنے والی ایک کار کے ذریعے چرس کراچی منتقل کی جارہی ہے، جو کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں سپلائی کی جانی تھی، جس پر خفیہ اطلاع کے بعد لیاری ایکسپریس وے پر نگرانی سخت کردی گئی۔عیسی نگری انٹرچینج پر کسٹمز ٹیم نے مشتبہ کار کو روکنے کی کوشش کی، تاہم کار سواروں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران مشتبہ کار کسٹمز کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد پائلٹ گاڑیوں سے کسٹمز ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی۔حکام کے مطابق فائرنگ کے باوجود کسٹمز ٹیم مشتبہ کار کو روکنے میں کامیاب ہوگئی۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے ایک ایک کلوگرام چرس کے 212 پیکیٹس برآمد ہوئے، تاہم کار سوار ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی تلاش کیلئے سیف سٹی کیمروں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی