i پاکستان

کراچی،50 سے زائد لڑکیوں کے موبائل فون چوری کیس میں مرکزی ملزم کے دو سگے بھائی گرفتارتازترین

October 06, 2026

کراچی کے نواحی علاقے گڈاپ کے فارم ہائوس سے 50 سے زائد لڑکیوں کے موبائل فون چوری کرنے کے کیس میں ملوث مرکزی ملزم کے دو سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پولیس نے 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ریکور شدہ موبائل اصل مالکان کے حوالے کردئیے۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کی لوکیشن بھی ٹریس کرلی گئی، واقعے کے بعد ملزم کے اصل موبائل نمبر کی لوکیشن گوجرانوالہ سے ٹریس ہوئی، مرکزی ملزم کے چار بھائیوں میں سے دو کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے زیر حراست بھائیوں کی مدد سے مرکزی ملزم سے فون پر گفتگو بھی کی، فون پر گفتگو میں ملزم نے اپنی موجودگی کشمیر میں ظاہر کی۔ پولیس کا دعوی ہے کہ مرکزی ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے کی انوکھی واردات پیش آئی تھی جس میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لے کر فرار ہوگیا۔

ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے ڈویژنل ایس پیز کے ہمراہ 263 ریکور شدہ موبائل فونز شہریوں کے سپرد کیے جن کی مجموعی مالیت 1 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ڈسٹرکٹ ایسٹ کی ٹیکنیکل ٹیم نے مربوط حکمتِ عملی اور تکنیکی مہارت کی بدولت مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی اسنیچنگ، چوری یا موبائل فون گم ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے میں رپورٹ درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔آپ کے تعاون اور فراہم کردہ معلومات سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی شناخت ممکن ہوتی ہے بلکہ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی