کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آتشزدگی کا تیسرا واقعہ سامنے آیا جہاں صدر کریم سینٹر میں بھی آگ لگ گئی۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صدر کریم سینٹر میں آگ پر قابو پانے کیلئے دو فائر ٹینڈر روانہ کر دئیے گئے۔اس سے قبل کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی)کے آفس میں آتشزدگی کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر مکمل جل گیا جبکہ لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 2 فیکٹریوں میں لگی آگ پر 16 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ ایم اے جناح روڈ پر واقع کے ایم سی ہیڈ آفس میں موجود میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پورشن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں آتشزدگی کے نتیجے میں میئر کراچی مرتضی وہاب کا دفتر مکمل طور پر جل گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلئے 2 فائر ٹینڈرز نے کارروائی کی اور آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسر ی جانب لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی 2 فیکٹریوں میں لگی آگ پر 16 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹریوں کی آگ پر 16گھنٹے بعد قابو پایا گیا،متاثرہ فیکٹریوں میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے میں دو سے تین دن کا وقت لگے گا تاہم فیکٹری میں کپڑوں کی بڑی گانٹھیں ہیں جس میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھتی ہے۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق گزشتہ روز آگ بجھانے کے دوران فیکٹری کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا، فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس سے قبل ریسکیو حکام نے کہا تھا کہ فیکٹری میں دھواں بھرنے سے 3 افراد کی حالت غیر ہوگئی تاہم فیکٹری سے تمام لوگوں کو نکال لیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی