کراچیمیں ڈی ایچ اے کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں تیز رفتار گاڑی فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے باپ اور بیٹے پر چڑھ گئی ،جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق جبکہ چار سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ خادم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا چار سالہ بیٹا ذیشان زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص اپنے دو بیٹوں کے ساتھ سگنل پر پھول فروخت کر کے گزر بسر کرتا تھا۔ حادثے کے وقت دوسرا بچہ معجزاتی طور پر محفوظ رہا۔جاں بحق شخص کے بھائی اور بچے کا کہنا ہے کہ وہ سب فٹ پاتھ پر کھانا کھا رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ڈالا سگنل توڑتا ہوا آیا اور ان پر چڑھ دوڑا۔حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق شخص اور زخمی بچے کو فورا اپنی گاڑی میں ڈال کر کالا پل کے قریب واقع ایک نجی اسپتال لے گیا، جہاں انہیں چھوڑ کر وہ موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث بی وائی ڈی گاڑی غیر رجسٹرڈ ہے، جبکہ فرار ڈرائیور کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی