i پاکستان

کراچی سے برمی گینگ کے 2 ملزمان گرفتار،مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، ساتھی فرارتازترین

April 17, 2026

سندھ رینجرز نے ریڑھی گوٹھ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے برمی گینگ سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے، جس میں ایک 12 بور رائفل، 30 بور پستول اور ایمونیشن شامل ہے۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے زیر استعمال ہونڈا 125 موٹر سائیکل بھی بغیر کاغذات کے نکلی ہے۔دورانِ تفتیش گرفتار ملزم اصغر نے گینگ کو اسلحہ فراہم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔جبکہ ملزمان نے چوری شدہ موٹر سائیکلیں سستے داموں خریدنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ادھر کراچی کے علاقے سائٹ بی میں بلدیہ نمبر دو کٹ کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی شناخت عبدالروف کے نام سے کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب بھینس کالونی میں 3 موٹر سائیکل سوار ڈاکوبیوپاری سے 5 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ گزشتہ روز بھینس کالونی نمبر 5 پر ڈاکوئو ں نے دن دیہاڑے بیوپاری کو لوٹ لیا، ملزمان نے متاثرہ بیوپاری عبدالرسول سے 5 لاکھ روپے لوٹے اور مزاحمت پر گولی بھی ماردی جس پر بیوپاری زخمی ہوگیا۔واقعہ کی سی سی ٹی وی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیوپاری موٹر سائیکل سوار تھا جسے 3 موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گھیرلیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان بیوپاری کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں جس پر بیوپاری نے مزاحمت کی تو ڈاکوئو ں نے فائرنگ رکے بیوپاری کو زخمی کردیا۔سکھن پولیس نے روایتی دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی